نئی دہلی17 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) لوک سبھا ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد بی جے پی کے لئے ایک اور بری خبر آئی ہے۔ اتر پردیش کے یوگی حکومت کے کابینہ وزیر سوامی پرساد موریہ کے داماد نول کشور آج سماجوادی پارٹی میں شامل ہو گئے۔نول کشور نے سماج وادی پارٹی ہیڈکوارٹر پر پارٹی صدر اور یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی موجودگی میں ایس پی کا دامن تھاما۔ اس موقع پر انہوں نے اکھلیش یادو کو بھگوان بدھ کی مورتی بھی نذر کی اور ضمنی انتخابات میں ملی شاندار فتح کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر اکھلیش یادو نے کہاکہ یہ ہماری پارٹی میں آ رہے ہیں، مگر ہم ان کو یہاں نہیں بلکہ اجتماع میں شامل کرائیں گے۔ ان نتائج سے یوپی کو ایک فائدہ ضرور ہوا ہے، اتر پردیش کے وزیر اعلی ابھی ترقی کی سمت میں جانے لگے ہیں۔ ہم تو پہلے ہی کہتے تھے کہ یوپی کو ترقی کے راستے پہ لے جاؤ گے تو زیادہ فائدہ ہوگا۔ اب تمام ترقی کے کاموں میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ بی ٹی سی امیدواروں کو کم سے کم روزگار تو دیں۔ انہیں ابھی تک تقرری نامہ نہیں دیا گیا ہے ۔ یہ بھرتیاں ہماری حکومت نے کی تھی،شاید یہی وجہ ہے کہ انہیں تقرری نامہ یوگی حکومت نہیں دے رہی ہے۔ حکومت کے ایک سال 11 مارچ کو پورے ہو گئے تھے اور عوام نے 11 مارچ کو ہی بی جے پی کو گفٹ دے دیا۔ واضح ہو کہ ضمنی انتخابات نتائج سے ٹھیک پہلے ایس پی کے بڑے لیڈر نریش اگروال نے بی جے پی سے ناطہ جوڑ لیاتھا ۔ نریش اگروال نے راجیہ سبھا نہ بھیجے جانے سے ناراض ہو کر یہ قدم اٹھایا تھا۔